لاہور(نمائندہ خصوصی) لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بڑے میچ میں بڑے دل سے کھیلنا ہوتا ہے، ہم نے دل کے ساتھ بیٹنگ کی۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ پلان یہی تھا کہ نئے گیند پر اسکور بن سکتا ہے۔ طاہر بیگ کو کریڈٹ جاتا ہے۔ میں کوشش کرتا ہوں کہ جب موقع ملے بیٹنگ میں بھی کروں۔ ہفتے کی شام بڑا دن ہے کوشش کریں گے ایک بار پھر لاہور والوں کے دل جیتیں۔ بڑے گیم میں دباؤ ہوتا ہے۔ لاہور اور پشاور نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے ۔ پلیئر آف دی میچ مرزا طاہر بیگ نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے اعتماد دیا جس سے حوصلے بلند ہوئے۔ شاہین بھائی بھی حوصلے بڑھاتے رہے۔ یہی سوچ رہا تھا کہ تیس پنتیس گیندیں ضرور کھیلنی ہے۔ ادھر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا اسکور کم تھا ۔ لاہور کے بولروں کو کریڈٹ دینا ہوگا ہمارا اسکور185ہونا چاہیے تھا۔ہماری شکست کی وجہ بولنگ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ جب نوجوان کھیلتے ہیں تو ان کے ساتھ بات چیت کرتا رہتا ہوں ان کو اعتماد دیتا ہوں۔ حارث اور صائم ایوب نے جس طرح ٹورنامنٹ کھیلا وہ قابل تعریف ہے۔ میں اپنی کارکردگی سے اس وقت مطمئن ہوتا جب ٹیم کامیابی حاصل کرتی ۔ اگلے ٹورنامنٹ میں مزید بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔ میری کارکردگی اچھی تھی اگر ٹیم کامیابی حاصل کرتی تو اچھا تھا۔