• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا فاشسٹ اور عسکریت پسند ہونا ظاہر ہوگیا، شہباز شریف، میرے پاس حاضر ہوکر میری حاضری لگوائی جائے، مریم نواز

اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیاز ی واضح طور پر بھارتی انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کی پیروی کررہے ہیں، گزشتہ چند روز کی حرکتوں سے ان کا فاشسٹ اور عسکریت پسند ہونا ظاہر ہوگیا، مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران نے قانون سے بچنے کیلئے گھر میں دہشت گرد رکھے ہیں، ’ضمانت پارک‘میں صرف اہلیہ تھیں تو پولیس پر پٹرول بم،گولیاں کس نے برسائیں، عمران خان کی اسلام آباد میں پیشی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس حاضر ہو کر میری حاضری لگوائی جائے، عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کی طرح تمام لوگوں نے جتھے اکٹھے کرنے شروع کر دیئے تو نظام گر جائیگا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ لاقانونیت ہوگی تو قانون حرکت میں آئیگا،طلال چوہدری نے کہا عمران خان نے بزدلی کی انتہا کردی، قانون کا سامنا کرنے کی بجائے عورتوں اور بچوں کو ڈھال رکھا ہے، جن لوگوں کا دامن صاف ہو وہ عدالتوں میں پیش ہونے سے نہیں گھبراتے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو انسانی ڈھال بنانے سے لے کر پولیس پر پیٹرول بم حملوں اور عدلیہ کو دھمکانے کیلئے جتھوں کی قیادت تک عمران نیازی کا فاشسٹ اورعسکریت پسند ہونا ظاہر ہوگیا، مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے زمان پارک میں پولیس کارروائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہا ہے کہ اگر ضمانت پارک میں صرف ایک خاتون موجود ہے تو پولیس پر اندر سے گولیاں اور پیٹرول بم کون برسا رہا ہے؟،یہ لوگ جھوٹ بولنے سے پہلے سوچتے بھی نہیں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان کے ساتھ مریم نواز نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر سے ایک پیٹرول بم اہلکاروں کی جانب پھینکا جارہا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کے لیے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ اب پتہ چلا کے جب سے اس دہشت گرد کو زبردستی سیاست میں گھسیڑا گیا، تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے؟ لانے والے بھی اپنے بدترین انجام کو پہنچے، اس کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب لڑھک رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنمائوں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی، قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہنا یا عمران خان کو سیاسی لیڈرکہنا کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ میرے پاس حاضر ہو کر میری حاضری قبول فرمائی جائے اور گیدڑ فردِ جرم اور گرفتاری کے خوف سے حاضری لگائے بغیر عدالت سے دْم دبا کے بھاگ گیا! بزدل !۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتی نوٹس کو بھی خاطر میں نہیں لائے،انھیں الیکشن کمیشن بھی نااہل قرار دے چکا ہے،توشہ خانہ کیس پیسوں کی جانچ پڑتال کا مقدمہ ہے ، لاہور کے زمان پارک کو نوگوایریا بنانے کی کوشش کی گئی۔

اہم خبریں سے مزید