لاہور(عبدالماجد بھٹی/نمائندہ خصوصی) لاہور قلندرز نے اعصاب شکن مقابلے اور سنسنی خیز ڈرامے کے بعد پاکستان سپر لیگ 8کے فائنل میں ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی۔ آخری گیند پر چار رن کی ضرورت تھی لیکن میچ کے ہیرو شاہین آفریدی نے خوش دل کو رن آئوٹ کرکے ملتان کے خواب کو چکنا چور کردیا۔ ملتان کی ٹیم 8وکٹ پر199رنز بناسکی۔ خوش دل شاہ 12گیندوں پر25رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ اور تباہ کن بولنگ کی وجہ سے لاہور قلندرز نے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا اور مسلسل دوسرے سال ٹرافی جیت لی۔ گذشتہ سال بھی فائنل میں ملتان کو شکست ہوئی تھی۔ قلندرز نے ٹرافی جیتنے کے بعد گرائونڈ کا چکر لگایا اور لاہوریوں کا سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شاہین شاہ نے 44رنز کی تیز رفتار اننگز کے بعد 51رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ 25ہزار تماشائیوں کو دلچسپ فائنل دیکھنے کا موقع ملا۔ چیمپئن قلندرز ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ 12کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملی۔ رنرز اپ ملتان کو چار کروڑ 80لاکھ روپے ملی۔ قبل ازیں عثمان خان اور محمد رضوان نےتیزی سے بیٹنگ شروع کی اور21گیندوں پر41رنز بنائے۔ شاہین کے دو اوورز میں34رنز بنے۔ اس موقع پرڈیوڈ ویزے نےعثمان خان کو18رنز پر بولڈ کردیا۔ انہوں نے چار چوکے مارے اور12گیندوں کا سامنا کیا۔ پاور پلے کے چھ اوورز میں72رنز بنے۔ دوسرے وکٹ پر رائیلی روسو نےمحمد رضوان کے ساتھ42 گیندوں پر64رنز بنائے۔ روسو کو راشد خان نےبولڈ کیا۔ انہوں نے32گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں دو چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ راشد خان نے رضوان کو آئوٹ کرکے قلندرز کو ایک اور اہم کامیابی دلوائی ۔ رضوان 23گیندوں پر34رنز بناکر ویزے کے ناقابل یقین کیچ پر آئوٹ ہوئے ۔راشد خان نے26رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ ملتان کو آخری پانچ اوورز میں60رنز بنانا تھے۔ کیرون پولارڈ16گیندوں پر19رنز بناکر شاہین آفریدی کی پہلی وکٹ بن گئے۔ شاہین اپنے چوتھے اوور میں ٹم ڈیوڈ کی وکٹ لے کر قلندرزکو میچ میں واپس لےآئے۔ ٹم ڈیوڈ نے16گیندوں پر20رنز بنائے۔ اسی اوور میں انور علی کو بھی بولڈ کردیا۔ اگلی گیند پر اسامہ میر بھی شاہین کی گیند پر کیچ ہوئے۔ شاہین آفریدی نے دو اوورز میں چار وکٹ17 گیندوں پر لئے۔ آخری دو اوورز میں35رنز کی ضرورت تھی ، عباس آفریدی ، حارث کے اوور میں 22رنز بناکر ملتان کو میچ میں واپس لے آئے۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی کی برق رفتار اننگز کی بدولت چھ وکٹ پر200رنز بنائے۔ قلندرز نے آخری پانچ اوورز میں85رنز کا اضافہ کیا۔ شاہین نے15گیندوں پر44 نا قابل شکست رنز بنائے۔ ان کی طوفانی اننگز میں پانچ چھکے اوردو چوکے شامل تھے۔ مرزا طاہر بیگ اور فخر زمان نےپانچ اوورز میں38رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ طاہر بیگ نے18گیندوں پر30رنز بنائے۔ دوسرے وکٹ پر فخر زمان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ38گیندوں پر57رنز کا اضافہ کیا۔ فخر زمان نے34گیندوں پر39رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق نے سب سے زیادہ 40گیندوں پر65رنزدو چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے بنائے۔ عبداللہ شفیق اور شاہین نے چھٹے وکٹ پر27گیندوں پر66رنز کا اضافہ کیا۔ فخر زمان کے آئوٹ ہونے کے بعد قلندرز کے چار وکٹ 18گیندوں پر17رنز کے عوض گرے ۔ شاہین شاہ نے صورتحال سنبھالی۔ انہوں نے احسان اللہ کےایک اوور24رنز بنائے۔ انورعلی نے اپنے آخری اوور میں22رنز دیئے۔ انور کے چار اوورز میں46رنز بنے ۔