• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی چوری کے باوجود عوام نے مینڈیٹ دیا، تحفظ کرینگے، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ سندھ حکومت کے ظلم و جبر اور چوری کے باوجود اہل کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو جو عوامی مینڈیٹ دیا ہے ، اس کا تحفظ کریں گے اور اس تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، 18اپریل کا دن بھی جماعت اسلامی کی فتح کا دن ثابت ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ”تعمیر کراچی کنونشن“ سے صوابی میں آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کچھ بھی کرلے کراچی کا میئر جماعت اسلامی سے ہی ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب نیو ایم اے جناح روڈ پر کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ملتوی شدہ یوسیز پر انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی کراچی کے تحت عوامی رابطے اور انتخابی مہم کے سلسلے میں عظیم الشان تعمیر کراچی کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔ ا س موقع پر سراج الحق نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا،کراچی میں جماعت اسلامی کی کامیابی سے پورے ملک میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اہل کراچی کے مسائل حل ہوں گے، آنے والے ہر مرحلے میں پورے ملک کی جماعت اسلامی اہل کراچی کے، 18اپریل کو ملتوی شدہ نشستوں پر انتخابات کارکنوں کی صلاحیتوں کا ایک بار پھر امتحان ہے، کارکنان تیار ہو جائیں پہلے کی طرح جدو جہد کرنی ہے اور نتائج کے حصول تک پہرہ دینا ہے، بد قسمتی سے 2ماہ کے دوران سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن نے کراچی کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا ہے، ناانصافی کی ہے، جن حلقوں میں تحفظات اور اعتراضات تھے ان پر کارروائی نہیں کی گئی اور جن حلقوں میں دوبارہ گنتی ہوئی تو سب نے دیکھا کہ اس میں بھی حق اور انصاف سے کام نہیں لیا گیا۔اس پورے عرصے میں ووٹوں کے سارے تھیلے تو ان کے پاس تھے یہ کیسے پھٹے ہوئے نکلے، ان 2ماہ کے دوران جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹوں پر نتائج تبدیلی کیے گئے، کنونشن میں شہر بھر سے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ووٹرز،سپوررٹرز اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے طویل جدوجہد کی،میں سلام پیش کرتا ہوں جماعت اسلامی کی خواتین کو بھی جنہوں نے دن رات انتھک محنت کی۔ بد ترین سیاسی صورتحال میں بھی کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو تاریخی عوامی مینڈیٹ دیا،جماعت اسلامی پور شہر کی امیدوں کا مرکز بن گئی ہے۔جماعت اسلامی کے کارکنان ملتوی شدہ نشستوں کے انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کریں،کارکنان عوامی رابطے مہم مزید تیز کردیں۔
ملک بھر سے سے مزید