ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ جشن بہاراں کے تناظر میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے خطے میں ادب و ثقافت کی کہکشاں سجا کر ادب، شاعری، موسیقی، فنون لطیفہ اور کھیلوں سمیت شعبوں کے درخشندہ ستاروں کو رونق افروز ہونے کا موقع دیا گیا، وہ آرٹس کونسل میں منعقدہ جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ محبت اور مروت کی مٹھاس سے گندھے باسیوں کے ساتھ ملتان کی دھرتی اپنے اندر وہ کشش سموئے ہوئے ہے، جو ہمیشہ انسان کو اپنے ساتھ جوڑ کے رکھتی ہے، اس خطہ ارضی میں ملتان ایک عظیم شہر ہے جس کی ثقافتی، علمی اور تاریخی حیثیت اظہر من الشمس ہے، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، طارق محمود، فاروق احمد ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹریز، طلبہ اور عوام شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔