• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقدام خودکشی کرنیوالے ڈاکٹر عبدالعزیز گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں MS تعینات

کراچی(بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر)محکمہ صحت سندھ نے اقدام خودکشی کرنے والے ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر کو سندھ گورنمنٹ نیو کراچی اسپتال کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کر دیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مقبول میمن اور سیکشن آفیسر صدر الدین سومرو کو محکمہ رپورٹ کرادیا گیا ہے تاہم سیکشن آفیسر فہیم چاچڑ کے تبادلے کا اعلامیہ سامنے آیا ہے۔ڈاکٹرز تنظیموں نے اسپیشل سیکرٹری محمد نواز سوہو سے تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی جوڈیشل کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں ڈاکٹرعبدالعزیزکی صحت یابی کے بعد سیکرٹری صحت سے ملاقات، دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر کو سندھ گورنمنٹ نیو کراچی اسپتال کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کر دیا ہے۔ 23فروری 2023 کوجاری اس اعلامیے کے مطابق گریڈ 17 کے ایکس پی سی ایس آفیسر ،سیکشن آفیسر فہیم چاچڑ (جن کے پاس وزیر صحت سندھ کے پرائیوٹ سیکرٹری کا چارج تھا) کوسندھ ہیومن کیپیٹل انسوسٹمنٹ 1000ڈیز انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پروگرام کا ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ۔ خط میں جن 4افسران پر الزام لگایا ان میں سوائے فہیم چاچڑ کے سب رپورٹ کرا دیا گیا۔ جنگ کے استفسار پر فہیم چاچڑ کا کہنا تھا کہ 23 فروری کوان تبادلہ ہوگیا تھا اور وہ وزیر صحت سندھ کے پرائیویٹ سیکرٹری کے عہدے پر موجود ہی نہیں تھے ۔ خط میں جن ایم پی اے سردار برہان چانڈیو کا ذکر ہے انہوں نے انہیں ضرور فون کیا تھا تاہم انہیں بتادیا تھا کہ وہ اب اس عہدے پر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایجنٹ نے پیسوں کا مطالبہ کیا تو ان سے انکا کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ وزیر صحت کے پی ایس نہیں رہے بلکہ عالمی ادارہ صحت کے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں اور وہ ہر طرح کی انکوائری کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیموں (پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور سندھ ڈاکٹر ز اتحاد)نے اسپیشل سیکرٹری محمد نواز سوہو سے تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے پر اعلیٰ سطح یا جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ قبل ازیں خود کشی کی کوشش کرنے والے ڈاکٹرعبدالعزیز سوڈھر نے صحت یابی کے بعد پیر کی صبح اپنے صاحبزادے اور ہمشیرہ کے ہمراہ سیکرٹری صحت ذوالفقار علی شاہ سے ملاقات کی۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کے مطابق مہر خورشید کے مطابق ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر نے بیماری کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے کی جانے والی دیکھ بھال پرسیکرٹری صحت کا شکریہ ادا کیا۔

ملک بھر سے سے مزید