اسلام آباد ( طاہر خلیل ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سیاسی ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی پیش کش کر دی ، پیر کو اسلام آباد میں پی ایف یو جے (دستور ) کے ملک بھر سے آئے نمائندوں اور عہدیداروں سےبات چیت میں سپیکر نےکہا کہ مسائل اور ڈیڈلاک کے حل کیلئے مذاکرات واحد راستہ ہیں ہمیں ملک کے بہترین مفاد میں ذاتی انا اور ہت دھرمی کو ختم کر کے بات چیت کی طرف بڑھنا ہو گا، سپیکر نے اعلان کیا کہ عالمی یوم صحافت پر پارلیمنٹ میں ہر سال خصوصی تقریب منعقد ہو گی اور قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات صحافیوں کے مسائل حل کر نے کیلئے اقدامات کر ے گی ، سپیکر نے کہا پاکستان واقعی ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے،صحافت کا شعبہ ہی رائے عامہ کو ہموار کرنے کا واحد ذریعہ ہے،ہمیں سب باتوں کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے لئے سوچنے کی ضرورت ہے،پاکستان کو سیاسی دلدل سے نکالنے کے لئے سیاستدانوں میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔