پشاور ( وقائع نگار )واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور نے دس روزہ صاف اور سرسبز پشاور مہم کے تحت یوینورسٹی روڈ پر آگہی واک کا اہتمام کیا جس میں ڈبلیو ایس ایس پی حکام کے علاوہ تاجر برادری ، اساتدہ اور معاشرے کے مختلف طبقات سے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔ واک اقرا ء چوک سے شروع ہوئی اور سپین جماعت پر اختتام پذیر ہوئی ۔ اس موقع پر دکانداروں اور عام عوام میں آگاہی پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور ماحول کی صفائی اور پانی کے ضیا ع کو روکنے میں عوامی کردار اور اہمیت کے حوالے سے آگاہی دہی گئی ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پشاور قومی جرگہ خالد ایوب ، زرغن تحریک کے چیئرمین عبدالولی، تاجر رہنما محمد جان اور دیگر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ ماحول کی صفائی تب ممکن ہوگی جب ہر شہر ی ، مرد ہو یا عورت ، بوڑھا اور جوان سب اپنا کردار ادا کرینگے اپنی اخلاقی ذمہ داری پس پشت ڈال کر ایک ادارے سے توقع رکھنا نہ صرف ایک اخلاقی بلکہ قانونی جرم بھی ہے جس کے ہم سب ہر لمحہ ارتکاب کرتے چلے آرہے ہیں ۔ شہر کی صفائی مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے جب تک ہم اپنی سوچ میں تبدیلی نہیں لائینگے اور اس شہر کی ہر گلی اور سڑک کو اپنا تسلیم نہیں کرینگے ۔ آئیں ہم سب یہ وعدہ کریں کہ کوڑا کرکٹ گلیوں ، نالوں ، گھلی جگہوں اور سڑکوں پر نہیں ڈالیں گے بلکہ قابل تحلیل شاپنگ بیگز کا استعمال کرکے گندگی کو مقررہ مقامات پر تلف کرینگے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں میں بھی جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کی صفائی کا خیال رکھنے کی عادت ڈالیں کیونکہ اگرہم گھروں اور جسمانی صفائی کا خیال رکھیں گے اور ہر جگہ کوڑا کرکٹ پھینکے گے تو جسمانی صفائی کسی کام کی نہیں ۔ مہم میں ڈبلیو ایس ایس پی کی آگاہی ٹی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر شہر کے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم چلارہی ہیں ۔