• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپتالوں سے مریضوں کو ڈسچارج کرنے میں تاخیر

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ نیشنل ہیلتھ سروس نے جون2021ء سے لے کر اس سال جنوری تک ہسپتالوں میں بغیر ضرورت رہنے والے مریضوں کو ڈسچارج کرنے میں تاخیر سے کام لیا، جس سے دس لاکھ بستروں والے دن ضائع ہوگئے اور اس سے ٹیکس دہندگان کو مجموعی طور پر293ملین پونڈ کا نقصان ہوا۔ پبلک ہیلتھ اسکاٹ لینڈ کے مطابق 2019-20میں ہسپتال کے ایک بستر کی لاگت262 پونڈ یومیہ تھی۔ تاخیر سے ڈسچارج ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ایک شخص علاج مکمل ہونے کے بعد ہسپتال سے جانے کو تیار ہے لیکن گھر میں دیکھ بھال کا پیکیج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے وہ ہسپتال میں ہی بلا ضرورت رکا رہا، جنوری میں اسکاٹش حکومت نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے8ملین پونڈز سے ہنگامی طور پر اضافی نگہداشت کے تین سو بیڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ مریضوں کو جلد از جلد گھر بھیجا جاسکے۔ لیبر پارٹی کی شیڈو ہیلتھ سیکریٹری جیکی بیلی نے کہا ہے کہ ڈیوٹی میں یہ لاپروائی مریضوں، عملے اور سروسز کے لیے نقصان دہ ہے۔ خصوصاً ایسے وقت میں جبکہ نیشنل ہیلتھ سروس زبردست دباؤ میں ہے اور سروسز بریکنگ پوائنٹ پر۔ اسکاٹش حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ہیلتھ بورڈز، صحت اور سماجی نگہداشت کے تمام شعبوں میں بہتری کی اپنی ہر ممکن کوشش کرتے رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید