پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے مختلف مقدمات میں نامزد انڈر ٹرائل ملزمان کے انٹرویو کرنے اور اس کو نشر کرنے کے خلاف دائر رٹ پر چیئرمین پیمرا، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور ائی جی خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اپریل تک جواب طلب کرلیا ۔کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ابرہیم خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دور رکنی بنچ نے کی درخواست گزار جابرخان ایڈووکیٹ کی جانب سے کیس کی پیروی ضیاالرحمان تاجک ایڈووکیٹ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انڈر ٹرائل ملزمان کے انٹرویو مختلف یوٹیوب چینل سے تعلق رکھنے والے افراد کرتے ہیں اور بعد میں اس کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے نشر کرتے ہیں اور یہ ٹرینڈ آج کل عام ہو رہا ہے جس میں کوئی بھی شخص ہاتھ میں مائیک پکڑے ملزمان کے انٹرویو کرتا نظر آتا ہے یہ نمائندے پھر اس کو اپنے یوٹیوب چینل یا فیس بک سمیت دیگر شوشل میڈیا اکاؤنٹس سےنشر کرتے ہیں۔