کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علمائےاسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستارشاہ چشتی کی سربراہی میں ہدایت اللہ اچکزئی مولوی محمدابراہیم ماسٹرنادرخان نے دوفریقین کی آپس میں صلح کرادی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت نظریاتی کے مرکزی ترجمان عبدالستارچشتی مولوی ابراہیم، ہدایت اللہ اچکزئی اور ماسٹرنادرخان نے کہا کہ عفو ودرگزر کا شمار انسانیت کی اعلیٰ قدروں میں ہوتا ہے عفو ودرگزر انسانیت کی زندگی پرامن اور پر سکون بناتی ہے اسلام ہمیں عفودرگزر کی تعلیم دیتا ہے اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ پر کرم و احسان کیا بنواسرائیل میں قصاص تھا دیت نہیں تھی، نصاریٰ میں دیت تھی قصاص نہیں تھا، لیکن اسلام نے عفوودرگزر کا درس دیا ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ کی مبارک زندگی میں عفو و درگزر ،رحم و کرم، محبت و شفقت کا مثال دنیا کو پیش کیا فتح مکہ کے موقع پر رسول اللہ نے ان تمام دشمنوں کو معاف فرمادیاجنہوں نے آپﷺ کو طرح طرح کی اذیتیں اور تکلیفیں پہنچائی تھیں۔ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے تھے اور آپ کو اپناوطن چھوڑنے پر مجبور کردیا تھا۔انہوںنے کہا کہ عفو اللہ کی صفت ہے اور اس کے اسمائے حسنی میں سے ہے۔معاف کرنا بلند ہمتی کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی اخلاق میں عفو ودرگزر کو خاص اہمیت حاصل ہے۔انسان خطاوٴں اور بھول کا پتلا ہے اگر اس کی اس فطری کمزوری کو مدنظر رکھ کر اس کی غلطیوں کو درگزر کیا جائے تو اس کے دل میں احساس ندامت ، شرمندگی اور معاف کرنے والے کے لیے احترام پیدا ہوتا ہے۔اسے نیک کام کرنے کی توفیق ہوتی ہے۔ اس کے ذریعہ فتنہ و فساد کی روک تھام ہوتی ہے، بدبختیاں دور ہوجاتی ہیں، اطاعت و عبادات کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ ایک مثالی معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ قیامت تک مرکزہدایت ہیں۔حضور اقدس کی نورانی تعلیمات میں اقوام عالم کی کامیابیوں اور کامرانیوں کا راز مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرتی امن و امان اورباہمی ربط وتعاون بڑھانے کے لئے لوگوں کے مابین درپیش تنازعات اور لڑائی جھگڑوں کا خاتمہ ضروری ہے۔