• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان مفت آٹا پیکیج کی تیز تر تقسیم کو یقینی بنایا جائے، ندیم اسلم

پشاور (جنگ نیوز) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور کی صدارت میں رمضان آٹا پیکیج کے بارے میں اجلاس گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں ہوجس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل اور ضلعی پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت شفاف طریقے سے سسٹم کے ذریعے ہی مفت آٹا تقسیم کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں آٹے کی تیز اور شفاف تقسیم کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کریں تاکہ ماہ مقدس میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔جن اضلاع میں کیس لوڈ زیادہ ہے ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ضلعی پولیس آفیسرز کی مشاورت سے رات کو بھی آٹا تقسیم کر سکتے ہیں۔انہوں نے گزشتہ روز بنوں اور چارسدہ میں افراتفری کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ آٹا سیل پوائنٹس کی تعداد کو بڑھایا جائے۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ یومیہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائے اور پولیس کے تعاون سے پرہجوم سیل پوائنٹس پر رش کو بہتر انداز سے کنٹرول کرے۔ آئی جی پولیس اختر حیات گنڈاپور نے کہا کہ پولیس تحمل و برداشت کا مظاہرہ کرے اور آٹے کے حصول کیلئے آنے والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے۔ اسی طرح ہماری روایات کے مطابق خواتین کیلئے علیحدہ قطاریں بنائی جائیں اور سیل پوائنٹس پر ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔
پشاور سے مزید