• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

پشاور (جنگ نیوز) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کمشنر زبیر خان کے ہمراہ پشاور اور چارسدہ کی فلور ملوں میں قائم مستحقین کو مفت آٹا تقسیم کرنے والے ڈسٹریبیوشن / سیلز پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انتظامی افسر اور محکمہ خوراک کے افسر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مفت آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور افسران کو مستحقین کو مفت آٹے کی فراہمی کے عمل میں مزید بہتری و آسانی لانے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے اس حوالے سے موبائل سافٹ وئیر ایپ کا بھی جائزہ لیا اور موقع پر موجود مستحقین سے ملاقات کی اور مفت آٹے کے حصول میں درپیش مشکلات بارے آگاہی حاصل کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے صوبہ بھر میں فلور ملوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ گھرانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامی افسران اور محکمہ خوراک کے افسران مستحقین کو مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ریونیو افسران و اہلکار بھی اپنے علاقوں میں ڈسٹریبیوشن پوائنٹ پر موجود ہوتے ہیں تاکہ شفاف طریقے سے مستحقین کو آٹے کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
پشاور سے مزید