اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، IMF سے معاملات جلد طے پا جائینگے، دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے بعد موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہوگی،2016میں ہم G-20میں شامل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اس وقت ہماری معیشت کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2016 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھی اور ہم جی ٹونٹی میں شامل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اس وقت ہماری معیشت کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ،پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے غیر ملکی سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، وزیر خزانہ نے سفراء کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہا۔