• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا حسان نیازی کی گرفتاری اور اظہرمشوانی کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ کی قیادت میں اتوار کو حسان نیازی کی گرفتاری اور اظہر مشوانی کی بازیابی کےلیے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین سے پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر عارف رند ، صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ، عالم کاکڑ ، خورشید کاکڑ، عارف کاکڑ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اور نگران پنجاب حکومت پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے پورے صوبے میں کریک ڈاون کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے 1600سے زائد قائدین اورکارکنوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا اورچادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پولیس نے ائیرپورٹ روڈ پر احتجاج کو بنیاد بناکر حسان نیازی کے خلاف من گھڑت مقدمہ درج کیا جس وقت مظاہرہ کیا گیا اس وقت حسان نیازی کوئٹہ بلکہ بلوچستان میں بھی موجود نہیں تھے ۔ اس کے باوجود انہیں ایف آئی آر میں نامزد کرکے گرفتار کیا گیا اور عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے باوجود انہیں چوبیس گھنٹے حبس بے جا میں رکھا گیا اور آج ایک مرتبہ پھر انہیں لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنما اظہر مشوانی کو مبینہ طور پر اٹھاکر لاپتہ کیا گیا ہے جن کے بارئے میں اب تک کچھ علم نہیں کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے اگر اظہر مشوانی کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے بصورت دیگر انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ۔
کوئٹہ سے مزید