پشاور (وقائع نگار )محکمہ سماجی بہبود ضلع پشاور اور ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی غیر سرکاری سماجی فلاحی تنظیموں کے زیر اہتمام پشاور کی مختلف جگہوں پر یکم رمضان المبارک سے افطار دسترخوان کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے، اب تک 5سو کے قریب مسافروں اور راہگیر روزہ داروں نے افطار دسترخوان میں افطاری کی ہے، ڈسڑکٹ آفیسر سوشل ویلفیئرپشاور نور محمد محسود کے مطابق یکم رمضان کو حیات آباد ٹول پلازہ کے قریب رمضان افطار دسترخوان کا افتتاح کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مسافروں، غریب افراد اور بے سہارا لوگوں کو افطاری کروانے کا اعلیٰ انتظام کیا گیا،سوشل ویلفیئر پناہ گاہ پجگی روڑ پشاور میں رمضان کے دوسرے روز کل 118 لوگوں نے افطاری کی۔ نور محمد کا کہنا تھا کہ سماجی تنظیموں نے رمضان المبارک میں پورا مہینہ اس کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پورا مہینہ افطار دسترخوان پروگرام جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ افطار دسترخوان پروگرام کے علاوہ فلاحی تنظیموں نے یتیموں، بیواؤں، نادار اور مستحقین میں افطار پیکجز بھی تقسیم کئے ہیں