اسلام آباد (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بیان کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے رانا ثنا اللہ کے بیان سے متعلق کہاہے کہ خواہش تو یہی ہے دونوں رہیں لیکن اگر وہ کہہ رہے ہیں ایک ہی رہے گاتومیں یہی کہوں گا وہ نہیں رہیں گے ‘ .
نواز شریف واپسی کیلئے میرے قتل یا نااہلی کا انتظار کررہا ہے‘اگر آج نامعلوم پیچھے ہٹ جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے ‘ باجوہ صاحب اب کیا کہیں گے کہ شہباز شریف 40 منٹ جھاڑ کھاتے رہے۔پیر کو اسلام آبادہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پرایک صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب ملک میں فیصلے کون کر رہا ہے؟
جواب میں عمران خان نے کہا کہ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب سب کو معلوم ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے یا یہ رہیں گے یا ہم رہیں گے؟۔عمران خان نے جواب دیا کہ خواہش تو یہی ہے دونوں رہیں لیکن اگر وہ کہہ رہے ہیں تو میں یہی کہوں گا وہ نہیں رہیں گے۔