• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سحری کے چٹ پٹے اور افطار کے کھٹے میٹھے پکوان

عظمیٰ صدیقی

اب تک آپ نے سحری اور افطاری کے ہلکے پھلکے اور چٹ پٹے پکوان تو بنالیے ہوں گے، آج ہم آپ کو کچھ اور چٹخارے دار کھانوں کی تراکیب بتا رہے ہیں، انہیں بنا کر اپنے دستر خوان کی رونق مزید دوبالا کریں۔ ہمیں اُمید ہے کہ آپ کے گھر والے اور مہمان ضرور پسند کریں گے۔

……روغنی پراٹھا ……

اجزا : میدہ تین کپ، سوجی آدھاکپ ،نمک حسبِ ذائقہ، دہی ایک کپ، کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، دودھ ایک کپ ،گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: میدہ اور سوجی چھان کر نمک اور سوڈا ملالیں تین کھانے کے چمچے گھی ڈال کر ہاتھ سے ملیں اور ہلکی سی دودھ کی چھینٹے ڈال کر گوندھ لیں (اگر پانی کی ضرورت ہو تو ملالیں) آدھے گھنٹے ململ کے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، پھرچھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر گھی لگا کر بیل لیں۔ یہ عمل دومرتبہ کریں۔ دوبارہ پیڑے بنا کر بیل کر گرم توے پر ڈالتی جائیں اور تھوڑا تھوڑا گھی بھی لگاتی رہیں۔ تہہ دار روغنی اور پھولے ہوئے پراٹھے کسی بھی چیز کے ساتھ کھائیں بہت مزے کے لگیں گے۔

……آملیٹ ……

اجزا: انڈے دوعدد، ہری مرچ دوعدد، چھوٹی پیاز ایک عدد، چھوٹا ٹماٹر ایک عدد، پسا ہوا دھنیا ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی دو چٹکی، نمک حسب ِذائقہ۔

ترکیب: تمام سبزیوں کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔ ایک درمیانے سائز کا برتن لیں اور انڈے توڑ کر اس میں ڈال دیں۔اس کے بعد کٹی ہوئی سبزیوں کو اس میں شامل کرلیں۔ آخر میں مسالے اور نمک بھی شامل کردیں۔ مکسچر کو اچھی طرح پھینٹیں۔

اب درمیانی آنچ پر پین میں تیل گرم کریں۔ آہستہ آہستہ انڈے کے مکسچر کو اس پر انڈیلیں۔ پین کو ٹیڑھا کرکے سطح پر انڈے کے مسکچر کو کوٹنگ کریں۔ دو منٹ بعد چمچے کی مدد سےاور نرمی سے کناروں کو دبائیں۔ اب انڈے کو پلٹ دیں اور دوسری سائیڈ کو دو سے تین منٹ تک پکائیں۔ آخر میں پلیٹ میں سجائیں اور مزیدار آملیٹ سے لطف اندوز ہوں۔

…… قیمہ ……

اجزا: گائے کا قیمہ آدھا کلو، دہی ایک پاؤ، لیموں ایک عدد، پیاز تلی ہوئی دو عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، پسا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ دو چائے کے چمچے، پپیتا ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچے، نمک حسبِ ضرورت، ہری مرچ اور ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب : گائے کا قیمہ دھو کر ا س میں پپیتا، کٹی ہوئی لال مرچ ،ہلدی ،نمک، زیرہ اور پسا ہواگرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرلیں۔ ساتھ تلی ہوئی پیاز، دہی، ادرک اور لہسن کا پیسٹ ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں مسالہ ملا قیمہ ڈال کر ہلکی آنچ پر آدھے گھنٹے کے لیے پکائیں اور دیگچی ڈھانپ دیں ،جب پانی خشک ہوجائے تو اس میں حسبِ ضرورت ہری مرچ اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر شامل کردیں۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم چپاتی یا پراٹھے سے کھائیں۔

……مکس پالک پکوڑے……

اجزاء: بیسن دو کھانے کے چمچے، آلو ایک عدد درمیانے سائز کا ٹکڑوں میں کٹا ہوا، پیاز ایک درمیانی چھوٹی کٹی ہوئی، پالک کے پتےچھ عدد چھوٹے کٹے ہوئے، ثابت دھنیا ایک بڑا چمچہ، زیرہ ایک بڑا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ، مرچ حسبِ ذائقہ، میٹھا سوڈا ایک چٹکی، اناردانہ ایک چائے کا چمچہ

ترکیب: بیسن میں نمک، مرچ اورایک چٹکی میٹھا سوڈا ڈال کر پھینٹ لیں اورکچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔ اس سے پکوڑے خستہ بنیں گے، اب اس میں ثابت دھنیا، اناردانہ ، زیرہ ملا کرگھول لیں پھر پالک آلو اور پیاز بھی شامل کرلیں اورتیز گرم تیل میں ہلکی آنچ پرسنہرا ہونے تک تلیں۔ مزیدار مکس پالک پکوڑے تیار ہیں ، املی کی میٹھی چٹنی سے لطف دوبالا کریں۔

……چنا چاٹ……

اجزا: چنے دو پیالی، املی کاپیسٹ ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، آلو دو عدد، دہی آدھا پاؤ، پیاز ایک عدد، ٹماٹر ایک عدد، ہری مرچیں چار عدد، پسا ہوا ہرا دھنیا ایک چائے کا چمچہ ،پودینا چند پتے، نمک حسب ذائقہ ،کُٹی لال مرچ حسب ِذائقہ، چاٹ مسالہ آدھا چائے کا چمچہ ،پاپڑی حسبِ ضرورت،تیل دو چائے کے چمچے۔

ترکیب : چنوں کو دو گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر چنے اور آلو اچھی طرح اُبال لیں۔ ایک باؤل میں پیاز، ٹماٹر، پودینا اور ہرادھنیا کے علاوہ تمام مسالے اور املی کا پیسٹ ڈال کر مکس کرلیں۔ چنے اور آلو گل جائیں تو آلو چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے املی اور مسالے کے پیسٹ میں ڈال دیں۔ ایک پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں پیاز ڈال کر گرم کرلیں، پھر اس پیاز میں ٹماٹر، پودینا اور ہرا دھنیا ڈال کر مکس کریں اور چاٹ پر ڈال دیں۔ آخر میں اوپر سے پاپڑی ڈال دیں ۔مزیدار چنے کی چاٹ تیار ہے۔

……آلو کے سموسے……

اجزا: میدہ سوگرام، آلو ایک پاؤ(اُبال کر میش کرلیں)،گھی بیس گرام ،گرم مسالہ پاؤڈرایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، کُٹی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کھٹائی چایک چوتھائی چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک حسب ِذائقہ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، پیاز ( کٹی ہوئی ) دو عدد، ہری مرچیں ( باریک کٹی ہوئیں) پانچ سے آٹھ عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔ پھر ایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں ، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ، کُٹی لال مرچ، کھٹائی، ثابت دھنیا، نمک، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں۔ 

پھر اس کے دو حصے کر لیں، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں۔ پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔ مزیدار سموسے تیار ہے املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔