اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے زائد آمدن ٹیکس دہندگان کو 50فیصد سپر ٹیکس ادا کرنے کا حکم جاری کردیاہے ،چیف جسٹس نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان سے اعتماد اور پیار کا رشتہ بڑھائے،ایف بی آر اپنے ٹیکس کا دائرہ بڑھائے گا تو بات بنے گی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی تو عدالت نے قرار دیا کہ زائد آمدن ٹیکس دہندگان 14روز میں ایف بی آر کو سپر ٹیکس جمع کروائیں ،دوران سماعت وکیل ایف بی آر نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس میں ایک نیا سیکشن ڈال کر زیادہ آمدنی والے افراد پر سپر ٹیکس نافذ کیاگیا ہے ،اور 15کروڑ روپے سے زیادہ کمانے والوں پریہ سپر ٹیکس عائد کیا گیاہے ،جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان سے اعتماد اور پیار کا رشتہ بڑھائے۔