اسلام آباد(جنگ نیوز)وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ چین، پاکستان کی جانب سے 2ارب ڈالر قرض کی ادائیگی میں توسیع کی درخواست پر کام کر رہا ہے جس کی ادائیگی کی مہلت گزشتہ ہفتے ختم ہوچکی ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے ‘ کے مطابق یہ توسیع ایسے وقت میں پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے جب اس کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 4 ہفتوں کی درآمدات کے لیے کافی رہ گئے ہیں اور آئی ایم ایف سے قرض کے اجرا کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ’اس درخواست پر پیش رفت جاری ہے، رسمی دستاویزات تیار کی جارہی ہیں‘، مزید تفصیلات بتائے بغیر انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا‘، خیال رہے کہ مذکورہ قرض 23 مارچ کو ادا کیا جانا تھا۔