• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ انوسٹمنٹ فرینڈلی ہوگا، عوام کی مشکلات کم کرینگے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مالی سال 2023-24ء کے وفاقی بجٹ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن‘ ملک بھر کے ایوان ہائے صنعت و تجارت‘ آپٹما‘ سپورٹس گڈز سیکٹر‘ لیدر گڈز‘ کٹلری‘ آلات جراحی سمیت ملک بھر کے صنعتکاروں کی قابل عمل تجاویز کو نئے وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائیگا۔ وہ خود ملک بھر کے بزنس مینوں‘ ٹیکس بار‘ ایکسپورٹرز اور دوسرے سٹیک ہولڈروں کے وفود سے نئے وفاقی بجٹ کیلئے تجاویز لیں گے۔ بزنس کمیونٹی سے بجٹ تجاویز بھجوانے کیلئے کہتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے جائز مسائل کو نئے وفاقی بجٹ میں حل کیا جائیگا۔ ملکی کاروباری برادری قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ حکومت کوئی بھی تنہا کچھ نہیں کر سکتی۔ اب تک ملکی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے جو کچھ ہوا ہے وہ سب ہماری بزنس کمیونٹی انڈسٹری اور دوسرے سیکٹرز کی کاوشوں سے سہارا ملا ہے۔ کاروباری برادری جانتی ہے کہ 2017ء میں پاکستان کی معیشت کس مقام پر تھی اور اپریل 2022ء میں پی ٹی آئی حکومت نے کس نہج پر پہنچایا۔ مسلم لیگ (ن)کے سابقہ دور میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کہاں کھڑے ہیں‘ اللہ کے فضل و کرم سے اور بزنس کمیونٹی کے اشتراک عمل سے ہم پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔ پاکستان کا بیرونی قرضہ 4ارب ڈالر کم ہو گیا ہے۔ بہت جلد آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے اور آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ بھی ہماری اصلاحات کے حق میں فیصلہ دیگی۔ وہ جمعہ کی شام اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر محمد احمد وحید‘ نومنتخب سینئر نائب صدر کریم عزیز ملک‘ نومنتخب نائب صدر عثمان شوکت اور انکی کابینہ کے ارکان سے حلف لینے کے بعد افطار ڈنر کے سینکڑوں بزنس مینوں‘ صنعتکاروں کے کلیدی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

اہم خبریں سے مزید