کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ سے معاملات طے پانے کے بعد پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹراور کنسلٹنٹ مکی آرتھر دیگر دو غیر ملکی کوچز گرانٹ بریڈ برن اوراینڈریو پوٹیک کےساتھ آئندہ ہفتے پاکستان آرہے ہیں۔ چار پانچ دن میں پاکستان کرکٹ بورڈ مکی آرتھر اور کوچز کی تقرری کا باضابطہ اعلان کردے گا۔ اس وقت کچھ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے نہ غیر ملکیوں کے پاکستان کے ویزے لگے ہیں نہ ان کی پاکستان آنے کی تاریخ طے ہے۔ نیوزی لینڈ کی ہوم سیریز کے لئےہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹیک پاکستان کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہوں گے۔کوچنگ اسٹاف میں شامل بولنگ کوچ مورنی مورکل آئی پی ایل میں مصروف ہونے کی وجہ سے بعد تاخیر سے پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے۔ مکی آرتھر معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد واپس چلے جائیں گے۔ قومی ٹیم کے تمام 6 کوچز غیرملکی ہوں گے، ان میں سے 4 نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم جوائن کریں گے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف سیریز 14 اپریل سے شروع ہوگی، جس میں 5 ٹی20 انٹرنیشنل اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ دو غیرملکی کوچز پہلے ہی کام کر رہے ہیں، جن میں کلف ڈیکون (فزیو) اور ڈریکس سائمن (اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ) شامل ہیں۔