• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ میں کسی کی آمریت تسلیم نہیں، بحران چلتا رہا تو نہ ہم ہونگے نہ عمران، بلاول بھٹو

سکھر(بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدلیہ میں کسی کی آمریت تسلیم نہیں کرسکتے، موجودہ بحران چلتا رہا تو ہم ہوں گے نہ عمران آئے گا ، ایسے حالات اور انا کے باعث اداروں کی تقسیم کا خمیازہ صرف عوام کو بھگتنا ہوگا، تختِ لاہور کی لڑائی پورے پاکستان کو ڈبو دے گی، پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے موقع پر نیو ڈیرو ہاوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا موجودہ صورتحال سے متعلق ان کے اتحادیوں کے تحفظات میں وزن ہے،اتحادیوں کا کہنا ہے کہ اس وقت قوم اور اس کی قسمت کے ساتھ جو کھیل کھیلا جا رہا ہے وہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بعد سے جوڈیشری میں آمریت چل رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس آئینی بحران کو روکنے کے لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ لارجر بنچ تشکیل دے، جس میں اپوزیشن سے فون پر بات کرتے ہوِئے پکڑے گئے دو ججز کے علاوہ باقی تمام جج ہوں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ماضی میں کی گئی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو پاکستان کو بچانے والے جج کے طور پر یاد رکھا جائے۔ ہماری چیف جسٹس سمیت تمام ججز سے اپیل ہے کہ پاکستان کو بچائیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین ججز کی انا کی وجہ سے اگر کل کچھ ہوا تو جیلوں میں پی پی پی والے ہی جائیں گے اور جمہوریت کے لیے لڑیں گے۔
اہم خبریں سے مزید