اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ پر عدت کے دوران نکاح کے الزام پر دونوں کے خلاف کارروائی کے لئے عدالت میں درخواست گزار نے ابتدائی بیان قلمبند کرادیا، عدالت میں سماعت 8 اپریل کو ہوگی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ شہری محمد حنیف نے درخواست دائر کی جس میں عمران خان، بشریٰ بی بی اور ریاست کو فریق بنایا گیا ۔شہری نے دونوں کے خلاف سیکشن 496 کے تحت کارروائی کے لئے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی نے عدت پوری کئے بغیر نکاح کیا جو غیرقانونی ہے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی کاپی بھی شکایت کے ساتھ منسلک ہے۔ درخواست گزار نے عدالت کے سامنے ابتدائی بیان قلمبند کرادیا جس کے بعد درخواست پر مزید سماعت 8 اپریل کو ہوگی۔