کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں پنجہ آزمائی کیلیے قومی کرکٹرز نے اپنی تیاریوں کا جمعے سے لاہور میں آغاز کردیا۔ منتخب کرکٹرز نے جمعرات کی رات تک کیمپ میں رپورٹ کردی تھی، عبداللہ شفیق اور فہیم اشرف ایک روز کی تاخیر سے ٹیم کو جوائن کیا۔ اوپنر فخر زمان 10اپریل کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ سیشن کا آغاز افطار کے بعد کیا گیا۔ پہلے روز کھلاڑیوں نے فیلڈنگ پریکٹس کی ۔ دریں اثناء پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم انتظامیہ کا اعلان کردیا ہے۔ منصور رانا کی جگہ ریحان الحق کو ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔ گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ ، عبدالرحمان معاون کوچ ، اینڈریو پیوٹک بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔ کلف ڈکن فزیوتھراپسٹ، ڈرکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ، طلحہ اعجاز (تجزیہ کار)، احسن افتخار ناگی (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر)، میجر (ر) اظہر عارف (سیکیورٹی منیجر)، عمار احسن (ویڈیو گرافر)، ڈاکٹر نجیب سومرو (ٹیم ڈاکٹر) اور ملنگ علی (مساجر) ہوں گے۔ بریڈ برن اور پیوٹک کو نیوزی لینڈ سیریز کے لیے مقرر کیا گیا ہے ۔ وہ 11اپریل کو لاہور پہنچیں گے، کوچنگ اسٹاف کی تقرری صرف نیوزی لینڈ سیریز کے لیے کی گئی ہے۔ کیوی ٹیم 10 اپریل کو لاہور پہنچے گی۔