کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں مقابلہ حسن قرأت میں ایرانی اور سعودی قاریوں نے ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی قاری یونس شاہ مرادی نے قرآن کی تلاوت کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے 8؍ لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم جیت لی، دوسری پوزیشن سعودی قاری عبدالعزیز الفقیہ نے حاصل کی جنہیں پانچ لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی۔ اذان کے مقابلے میں سعودی عرب کے محمد الشریف نے پہلی پوزیشن حاصل کی جنہیں پانچ لاکھ ڈالرز انعام دیا گیا جبکہ انڈونیشیا کے دایا الدین بن نذیر الدین نے دوسری پوزیشن حاصل کی جنہیں دو لاکھ 67؍ ہزار ڈالرز کا انعام دیا گیا۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی فار انٹرٹینمنٹ کے سربراہ ترکی الشیخ نے مقابلہ جیتنے والوں میں انعام تقسیم کیا۔ عطر الکلام کے نام سے منعقد کرائے جانے والے اس مقابلے کی مجموعی انعام رقم 30؍ لاکھ ڈالرز تھی۔ مقابلوں کا یہ پروگرام 2019ء میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد حسن قرات اور اذان کے مقابلے منعقد کرائے جا سکیں۔