کراچی(نمائندہ جنگ) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ مسلسل دوسرے دن افطار کے بعد جاری رہا۔کھلاڑیوں نے کوچز عبدالرحمن اور عمر گل کی نگرانی میں بھر پور پریکٹس کی۔اوپنر فخر زمان عمر ے کی ادائیگی کے بعد پیر کوکیمپ میں شرکت کریں گے۔نوجوان بیٹسمین صائم ایوب نے کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں پی ایس ایل میں بہت انجوائے کیا، کپتان بہت اعتماد دیتے ہیں جس سےحوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اب تک بابر اعظم کا ساتھ اچھا رہا ہے، اُمید ہے آگے بھی اچھا رہے گا، ہر فاسٹ بولر کو نیٹ پر کھیل کر انجوائے کرتا ہوں۔ کوشش ہوتی ہے کہ اتنا اچھا کروں کہ مجھے سب فالو کریں۔ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا، پاکستان کی جانب سے کھیلنے کی خواہش پوری ہوئی۔