اسلام آباد (فاروق اقدس) جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کو برطانیہ میں پاکستان کاہائی کمشنر بنایا جارہا ہے، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کو چین میں سفیر بنانے کی تجویز زیرغور ہے جبکہ سعودی عرب سے واپس بلائے جانے والے سفیر امیر خرم راٹھور جکارتہ میں سفیر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق امکانی طور پر عید کے فوری بعد وزارت خارجہ میں بیرون ملک سفیروں کے تبادلوں اور تقرریوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فیصل جو وزارت خارجہ میں اہم ذمہ داریوں سمیت ترجمان کے فرائض بھی انجام دیتے رہے ہیں انہوں نے اپنی ان ذمہ داریوں کے دوران کئی اہم مراحل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جن میں 2017 میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے وزارت خارجہ میں ان کی اہلیہ سے ملاقات کے سفارتی انتظامات اور سخت سکیورٹی میں ملکی وغیرملکی میڈیا کیلئے سہولت کاری کے فرائض نہایت احسن طریقے سے انجام دیئے تھے۔ ان کی جگہ وزارت خارجہ کی ثقلین سیدہ کو جرمنی میں پاکستان کا سفیر بناکر بھیجا جارہا ہے۔