• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کی سڑکوں اور گلیوں کو پختہ کرنے کا آغاز کیا جائے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا میپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز رزاق بڑیچ، ندا سنگر اور شارعلاقائی یونٹ کوئٹہ کے سیکرٹری عبداللہ آغا نے کہا ہے کہ ترقیاتی اداروں اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی بے حسی، عدم توجہی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے کوئٹہ شہر اور اطراف کی سڑکیں اور گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور یہ شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے جسکی وجہ سے عوام کو ٹریفک کی روانی میں سخت رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہے، وزراء، سیکریٹریز اور متعلقہ ترقیاتی اداروں کے ذمہ داران کا روز ان سڑکوں اور گلیوں سے گزر ہوتا ہے لیکن مجال ہے کہ کسی بھی وزیر، سیکریٹری یا دیگر ذمہ دار فرد کا ضمیر جاگتا ہو کہ وہ ان مسائل کا نوٹس لے اور اس مشترکہ شہر کی ترقی میں کوئی کردار ادا کریں۔ منتخب نمائندوں اور حکومتی اداروں سے وابستہ اکثر عہدیداروں کو صرف کمیشن، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے دلچسپی ہے اور اسی کام میں مشغول ہیں،عوامی مسائل کی کسی کو کوئی فکر نہیں۔ اس چھوٹے سے شہر کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل نہیں بلکہ احساس، ارادے اور جذبے کی ضرورت ہے جو بدقسمتی سے اس شہر کے منتخب نمائندوں اور اس شہر میں رہنے والوں میں نہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ منتخب نمائندے عوام کی حق نمائندگی کا خیال رکھتے ہوئے اور ترقیاتی اداروں کے عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر کوئٹہ شہر کے تمام اور اس کے اطراف کی سڑکوں، گلیوں اور نالیوں کو پختہ کرنے کے کام کا آغاز کریں اور مزیدغفلت اور کوتاہی سے اجتناب کرتے ہوئے عوام کو تکالیف سے نجات دلائیں۔
کوئٹہ سے مزید