کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور رکشے میں سواریوں کو لوٹنے والے گروہ سمیت اقدام قتل میں ملوث 7ملزمان کو گرفتار کرکے 2مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ۔پولیس کے مطابق ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ کیپٹن (ر) زوہیب محسن کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او نیو سریاب خیر محمد سمالانی نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمود خان ، شبیر احمد اور رحمت اللہ کے قبضے سے 2مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں اور اقدام قتل کے اشتہاری عبداللہ اور محمد عمر کو گرفتار کرلیا جبکہ تھانہ شالکوٹ کے ایس ایچ او عابد رضا مینگل نے کارروائی کرتے ہوئے رکشے میں سادہ لوح لوگوں کو بٹھا کر ان سے نقدی چھیننے والے گروہ کے 2ملزمان حبیب اللہ اور نبی بخش کو گرفتار کرلیا جو کافی عرصے سے رکشے میں سواریوں کو بٹھا کر لوٹتے تھے۔ عوامی شکایات پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا، تمام گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی۔