اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پی ایس ایل کے حقوق غیرقانونی طور پر نجی چینل اے آر وائی کو دینے میں ملوث تمام افراد کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے سابق ڈائریکٹر سپورٹس پی ٹی وی ڈاکٹر نعمان نیاز کی تنخواہ اورتمام مراعات بند کرنے کا بھی حکم دیا ۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہاکہ اس معاملے میں جو بھی ملوث ہوگا کارروائی کریں گے۔ کمیٹی کا اجلاس پی اے سی چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوا،اجلاس میں وزارت قومی صحت وخدمات،تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور این ڈی ایم اے کے22-2021کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔پی اے سی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وزیر اعظم سے کہا جائے کہ کسی بھی وزارت میں کسی افسر کے پاس ایک سے زائد عہدوں کا چارج نہیں ہونا چاہئے۔ چیئرمین پی اے سی نے پولی کلینک کے ایک پرچیز کمیٹی کے سربراہ کو کرپشن ثابت ہونے کے باوجود دوبارہ تعیناتی کے حوالے سے کیس کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر کسی پر کرپشن ثابت ہوجائے اور وہ رقم بھی سرکاری خزانے میں جمع بھی کرادے تو اس کو کسی عہدے پر نہیں لگایا جا سکتا ۔