• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیٹ بینک پیر تک 21 ارب الیکشن کمیشن کو دے، سپریم کورٹ

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا کے حوالے سے سپریم کورٹ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بنک کو پیر تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا ہے،دوران سماعت ججز نے الیکشن کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے پر اظہار برہمی بھی کیا،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ جب پارلیمنٹ نے فنڈز دینے سے منع کر دیاتو حکومت کیسے دے سکتی ہے، وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے 4اپریل کے حکم پر عملدرآمد کیا، فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈز سے رقم کیلئے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جو مسترد ہو گیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کئے، نگران حکومت پنجاب نے سکیورٹی فراہمی کی یقین دہانی بھی نہیں کروائی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے اِن چیمبر سماعت کی جو ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔ اس دوران اٹارنی جنرل اور دیگر حکام پیش ہوئے۔ سماعت میں وزارت خزانہ کے اسپیشل سیکرٹری اویس منظور سمرا، ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمود ، ایڈیشنل سیکرٹری تنویر بٹ کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی قائم مقام گورنر سیما کامل پیش ہوئیں جبکہ وفاقی حکومت کی نمائندگی اٹارنی جنرل نے کی۔ اٹارنی جنرل، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے عدالت کو بریفنگ دی گئی۔ وفاقی حکومت کی جانب ان چیمبر سماعت کے دوران جمع کرائے گئے تحریری مؤقف میں کہا گیا کہ حکومت نے عدالتی احکامات پر عمل کر دیا ہے۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو حکومتی مؤقف پیش کرنے پرسخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا،اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے حکم پر عملدرآمد کیا ہے۔ دریںاثناء پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں تین رکنی بینچ نے ان چیمبر سماعت کی جسکا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے عدالت کو بتایا کہ 21 ارب روپے پیر تک فراہم کیے جا سکتے ہیں، اسٹیٹ بینک یہ رقم الیکشن کمیشن کے اکاؤنٹ میں فوری منتقل کرے، الیکشن کمیشن فنڈز منتقل ہوتے ہی انتخابی عمل کیلئے استعمال کرے۔ تحریری حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ 18 اپریل تک فنڈز کی فراہمی جبکہ الیکشن کمیشن فنڈز کے حصول کے حکم پر عمل درآمد رپورٹ پیش کرے۔ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کے کیس میں نو صفحات پر مشتمل ان چیمبر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے عدالت کو بتایا کہ 21 ارب روپے پیر 17 اپریل تک فراہم کیے جائینگے، اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے مختلف اکاؤنٹس میں ایک کھرب 40 ارب سے زائد فنڈز موجود ہیں۔ حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اسٹیٹ بینک اور وزرات خزانہ 18 اپریل تک فنڈز فراہمی کے حکم پر عمل درآمد رپورٹ پیش کریں۔

اہم خبریں سے مزید