• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں آرمی چیف فیصلہ، باقی عمل کرتے ہیں، عمران خان

لاہور(ایجنسیاں/جنگ نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آرمی چیف فیصلہ کرتاہے جبکہ باقی سب اس پر عمل کرتے ہیں ‘ سپریم کورٹ کا تقسیم رہنا ملک کے لیے المیہ ہوگا۔

جمعہ کو جرمن نشریاتی ادارے کو انٹریو اور لاہورہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب کو دعا کرنی چاہیے کہ سپریم کورٹ میں اتحاد ہو، جب تک آپ آئین نہیں بچاتے آپ ملک نہیں بچاسکتے۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے یہ سارے بھاگ رہے ہیں، انہیں نہ آئین کی فکر ہے نہ قانون کی فکر ہے، یہ چاہتے ہیں کسی طرح اپنا این آر او بچالیں۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ اداروں کے غلط کاموں پر تنقید نہ ہونے سے معاشرہ تباہی کی طرف جاتا ہے‘ہمارے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے لاپتہ کیا جا رہا ہے اور گھروں پرحملے کرائے جارہے ہیں‘یہ سب خوف کیلئے کیا جارہا ہے لیکن ڈرتا کوئی نہیں ، انسانی بنیادی حقوق تو یہاں ہیں ہی نہیں ۔علی ا مین گنڈا پور کے ساتھ دیکھیں کیا کیا۔

 رات 12عدالت لگا کرا نہیں بھکر لے گئے ، دنیا میں ہمارا مذاق بن رہا ہے ، لوگ بناناری پبلک کہیں گے .

 سپریم کورٹ لوگوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے ، ہم صرف 90دنوں کی شق پر عملدرآمد کی بات کررہے ہیں،انہوں نے تین ہزار کارکنوں کو پکڑا ہوا ہے،ہر روز نئی ایف آئی آر ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے جرمن نشریاتی ادارے کو انٹریو میں کہاہے کہ حکومت الیکشن سے خوفزدہ ہے کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ ہار جائیں گے ‘ وہ مجھے اقتدارمیں نہیں دیکھنا چاہئے کیوں کہ انہیں ڈر ہے کہ میں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لاؤں گااورہماری پوری جدوجہد اسی کے گرد گھوم رہی ہے ۔

اہم خبریں سے مزید