• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، عمران خان کو ہراساں کئے جانے سے روک دیا

لاہور ( نیوز ایجنسیاں) لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔ دوران سماعت ایک موقع پر جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ خان صاحب باتیں بہت سن چکے، نئی بات کریں، قوم کو مستقبل کا پلان دیں۔ ہائیکورٹ میں عمران خان کی ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کرنے کیخلاف اور ممکنہ زمان پارک آپریشن روکنے کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نےسماعت ہوئی۔ عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ اس درخواست میں ہمیں کچھ فوری نوعیت کا نظر نہیں آیا، ماضی قریب میں ہم نے زمان پارک کے باہر بہت افسوسناک صورتحال دیکھی ہے۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلطان صفدر نے دلائل دیئے کہ عمران خان کے خلاف ایک کے بعد ایک کیس درج ہو رہا ہے ، پنجاب میں عمران خان کیخلاف 80 کیسز درج کئے گئے ہیں، عدالتیں پولیس کے اختیارات کے غلط استعمال کو روک سکتی ہیں، ہمیں انفارمیشن ملی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران کوئی آپریشن ہو سکتا ہے، پانچ دن کیلئے ہمیں ریلیف دے دیں کیونکہ پانچ دن کیلئے عدالتیں اور انصاف کے دروازے بند ہونگے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ انصاف کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔
اہم خبریں سے مزید