پشاور(خصوصی نامہ نگار )پشاور،نوشہرہ اور چارسدہ کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کے سلسلے میں محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے عالمی رضاکارتنظیم ولینٹیری سروس اوورسیزاور پارٹیسیپٹری رورل ڈیویلپمنٹ سوسائٹی (پی آرڈی ایس)کے تعاون سے الگ الگ تقریبات اورواک کا انعقادکیا ،داخلہ مہم میں پہلی بار پی ٹی سی ممبران اوررضاکاربھی حصہ لے رہے ہیں تاکہ تعلیم سے متعلق شعور اجاگر کرنے سمیت سکولوں سے باہر زیادہ سے زیادہ بچوں کو داخل کرایا جاسکے۔ اس حوالے سے گورنمنٹ پرائمری سکول اولڈ کریم پورہ پشاور،جی پی ایس گلبہارنمبر4، جی جی ایچ ایس ایس اتمانزئی چارسدہ اورجی جی پی ایس خیبرآباد اکوڑہ خٹک نوشہرہ 2میں تقریبات کا انعقاد کیا جن میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک ، ڈپٹی ڈی ای او پشاور ڈاکٹر رائنا گل،پی آرڈی ایس کی ایجوکیشن آفیسرعائشہ اسرائیل،کشورعلی، فریحہ مقصود، ہیڈٹیچر مس نگہت ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرفی میل چارسدہ ثریا ،ڈی ڈی ای اوچارسدہ مس لیلیٰ ،اے ایس ڈی ای او فی میل نوشہرہ امبرین اورمتعلقہ اضلاع کے ایجوکیشن افسران ، طالبات و پی ٹی سی ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر ایم آئی آرپی کے صوبائی کوآرڈی نیٹر طارق حیات یوسفزئی نے بتایا کہ وی ایس او ، پی آرڈی ایس اور ای سی ڈبلیو کے مشترکہ منصوبے کے تحت پشاور، نوشہرہ وچارسد میں سرکاری تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں، تعلیمی اصلاحات کے بعد خیبرپختونخوا میں سرکاری سکولوں کی حالت کافی بہترہوچکی ہے،سکولوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ بچوں کے داخلہ کیساتھ ساتھ کتابیں بھی مفت دی جارہی ہیں لہٰذاصوبے کے عوام کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے اورداخلہ مہم کے دوران بچوں کو داخل کرنا چاہیے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے ۔دیگرمقررین کا کہنا تھا کہ رواں سال صوبے میں سکولوں سے باہر16لاکھ بچوں کو داخل کرنےکا ہدف رکھا گیا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے متعلقہ ادارے سمیت اساتذہ اورمنتخب نمائندے بھی اپناکردارادا کررہے ہیں تاہم اس میں والدین، علمائے کرام سمیت معاشرے کے تمام مکاتب فکر کے لوگ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون کرے۔