کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ کو درست سمت دینے کیلئے مکی آرتھر کو ٹیم ڈائریکٹر مقرر کردیا۔ سابق ہیڈ کوچ کے ڈاربی شائر کاؤنٹی سے معاہدے کی وجہ سے نیا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ سالوں میں پاکستان ٹیم کے تمام میچ دیکھے، تمام کھلاڑیوں سے رابطے میں ہوں۔ پاکستان اور پاکستان کرکٹ کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔ کرکٹ یونیورسل زبان ہے، کھلاڑیوں کو انگلش سمجھنے میں کوئی مشکل نہیں ، اگر کسی کو پھر بھی مسئلہ ہے تو ہمارے پاس مترجم موجود ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ پیٹوک پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں۔ بولنگ کوچ مورنی مورکل مئی میں ٹیم جوائن کریں گے۔ جمعرات کو پنڈی اسٹیڈیم میں پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے مکی آرتھر اور ہارون رشید کے ساتھ پریس کانفرنس میں تفصیلات کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ہمارا ہدف ورلڈ کپ ہے ۔ مکی آرتھر ٹیم کے لئے حکمت عملی بنائیں گے، ٹیم کی تشکیل ان کی نگرانی میں ہوگی۔54سالہ مکی آرتھر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023، آسٹریلیا کے دورے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں کوچنگ اسٹاف کا بھی حصہ ہوں گے۔ وہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچوں میں بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ آرتھر تمام فارمیٹس میں آئندہ اسائنمنٹس کے لیے حکمت عملی بنانے، ان پر عمل درآمد، قومی ٹیم کے کلچر کو مضبوط کرنے، مستقبل کے ستاروں کی شناخت اور تیار کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ مکی آرتھرنے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں دوبارہ شامل ہونے پر پرجوش ہوں اور گروپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔ یہ ایک باصلاحیت گروپ ہے جس میں تمام فارمیٹس میں نمبر ون ہونے کی صلاحیت ہے ۔