پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی سینئر نائب صدر خانزادہ نعیم بہادر خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کو چوروں لٹیروں اور مافیا نے ہائی جیک کر لیا تھا پی ٹی آئی کے مخلص و نظریاتی کارکنوں کو اقتدار کے دوران نظر انداز کیا گیا مافیا کی سرپرستی کی گئی لٹیروں کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی دینے سے ملک بدترین معاشی بحران سے دو چار ہوا جس کا خمیازہ اب بھی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ خانزادہ نعیم بہادر خان نے مسلم لیگ نظریاتی گروپ کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کے دور اقتدار میں پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کرنے سے پارٹی کارکن مایوس و بددلی کا شکار ہوئے عمران نیازی نے اقتدار میں آکر کارکنوں کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے مخلص کارکن قربانی کا بکرا بننے کے لئے تیار نہیں جبکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں لوٹ مار کرنے والے بلوں میں چھپ گئے ہیں خانزادہ نعیم بہادر خان نے کہا کہ عمران کے دور حکومت میں تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کیا گیا شرافت کی سیاست کاجنازہ نکالا گیا اور سیاستدانوں کو گالیاں دے کر سیاست میں گند پھیلایا گیا لانگ مارچ اور جیل بھرو تحریک کی ناکامی سے واضح ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن عمران کے سیاسی مفادات کے لئے قربانی کابکرا بننے کے لئے تیار نہیں۔