• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمان پارک میں احتجاج، پنجاب میں الیکشن کیلئے پارٹی ٹکٹوں پر ازسرنو جائزہ لوں گا، عمران خان، ٹکٹ نہیں نظریہ کیساتھ ہیں، شہباز گل، حماد اظہر

لاہور (ایجنسیاں)تحریک انصاف کے کارکنوں نے پی پی 158میں مہر شرافت کو ٹکٹ جاری کرنے کے خلاف لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہراحتجاج کیا۔ کارکنوں نے پیرا شوٹرز نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے عمران خان سے مہر شرافت کی ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا جبکہ فواد چوہدری کے بھائی کو پی پی 25  کا ٹکٹ ملنے پر پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے نائب صدر زاہد اختر نے استعفیٰ دیدیا جبکہ سابق ایم پی اے یاور کمال نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ادھر سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی کو  اعتماد کا ووٹ نہ دینے والے فیصل چیمہ کو تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ دوسری جانب عمران خان نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا ازسرنو جائزہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر قائم کی گئی 4 مفاہمتی کمیٹیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی درخواستوں پر نظرثانی کا عمل آج سے شروع کریں گے جو 26 اپریل تک جاری رہے گا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے پنجاب میں الیکشن کے لیے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کا فیصلہ قبول کر لیا۔جمعہ کو اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ فوادچوہدری ‘حماد اظہر‘کچھ دیگر سینئر ممبران اور میں نے صوبائی اسمبلی کے لئے کاغذات جمع کروائے۔عمران خان نے ہم سب کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ خان صاحب کا فیصلہ دل وجان سے قبول ہے۔ٹکٹ کے لئے خان کے ساتھ ہوں اور نہ عہدے کے لیے، یہ نظریے کا ساتھ ہے۔ دریں اثناءحماد اظہر نے پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے کے حوالے سے کہا ہے کہ کپتان نے کہا تھا تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ چند روز پہلے مجھے عمران خان نے کہا کہ میں نے بہت سوچا ہے، عمران خان کا کہنا تھا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج معاشی محاذ پر ہے۔عمران خان نے کہا تھا کہ تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگلے دن میں نے صوبائی حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔جہلم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے کہا کہ عمران خان نے فواد چوہدری سے بلیک میل ہو کر مجھے ٹکٹ نہیں دیا، عمران خان نے فواد چوہدری کے بھائی کو ٹکٹ دے کر موروثی سیاست کو پروان چڑھایا، عمران خان نے پارٹی کو فواد چوہدری کے گھر کی لونڈی بنا دیا۔اب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کے خلاف پی پی 25 سے الیکشن لڑوں گا۔پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے نائب صدر چوہدری زاہد اختر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں، عمران خان میرے کپتان آپ رانگ نمبر ہیں، پی پی 25 کا ٹکٹ انتہائی غلط تقسیم ہوا ہے، خان صاحب! آپ نے ہمیں مایوس کیا۔خان صاحب فواد سے کیوں بلیک میل ہو رہے ہیں؟ فواد انٹرپرائزز سارے لٹیرے ہیں، اگر ان کے ہاتھوں بلیک میل ہونا ہے تو مدینے کی ریاست کا کوئی جواز نہیں، پورا حلقہ جانتا ہے کہ جسے ٹکٹ دیا گیا وہ بھتہ خور ہے۔

اہم خبریں سے مزید