لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو کچھ مشرقی پاکستان میں کیاگیا وہی سب پھر سے دہرایاجارہاہے ‘علی امین گنڈا پور کو ذہنی طور پر اذیت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ علی امین گنڈا پور کے ساتھ ایسا صرف اس لیے کیا جا رہا کہ وہ ہماری پارٹی کے نظریاتی کارکن ہیں جو ہمارے کارکنوں کو پسند ہیں۔اس طرح کے سوچے سمجھے بغیر تشدد میں ملوث افراد کو احساس نہیں ہوتا کہ وہ صرف اپنی تذلیل کروا رہے ہیں‘ریاست اور قوم کے درمیان خلیج کو بڑھا رہے ہیں۔ ایسا مشرقی پاکستان والوں کے ساتھ بھی کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان حرکتوں کے باعث علی امین کے لیے ہماری عزت اور محبت کئی گنا بڑھ گئی ہے، کیونکہ وہ ان آزمائشوں اور مصیبتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔