• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد 26 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر سکھر سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم

سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، 26اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر سکھر سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔ علی امین گنڈا پور ریاست مخالف تقاریر اور ٹوئٹ کرنے پر گرفتار ہیں، جنہیں گزشتہ روز شکارپور کی اسپیشل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ اسپیشل کورٹ کے جج ساجد علی عباسی نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے علی امین گنڈا پور کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ اسپیشل جج ساجد لی عباسی کی عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو 26اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر سکھر سینٹرل جیل بھیجا جائے۔ عدالتی احکامات کے بعد علی امین گنڈا پور کو پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات میں سکھر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ شکارپور کے گاؤں نیولالیوں کے رہائشی امان اللہ بروہی نے تھانہ نیو فوجداری میں پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور نے اداروں کیخلاف غلط زبان استعمال کی ہے۔ دوسری جانب علی امین گندا پور کی عدالت میں پیشی کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے، عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ جھوٹا مقدمہ خارج کرکے علی امین گنڈا پور کو رہا کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید