لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے سوشل میڈیا کارکنان کے اٹھائے جانے اور عقوبت و تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے سلسلے کی بندش کا مطالبہ کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ 5روز گزر چکے ہیں ہمارے انسٹاگرام کی قیادت کرنے والے عطا الرحمن کو اغواء کیا گیا۔ ہم اس کی فوری رہائی، اپنے سوشل میڈیا کارکنان کے اٹھائے جانے اور انہیں عقوبت و تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے جاری سلسلے کی فوری بندش کا مطالبہ کرتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ان نوجوانوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔ انہیں محض تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔