• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی بدحالی کا اندازہ، اتحادی حکومت کا حصہ ہیں، فی الحال ملازمت نہیں دے سکتے، زرداری

نواب شاہ (محمد انور شیخ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ معاشی بحالی کا اندازہ ہے، ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں، فی الحال ملازمت نہیں دے سکتے، ملک بچانے کیلئے ہم نے عمران خان کو نکالا، آئندہ حکومت پیپلزپارٹی بنائے گی اور بلاول بھٹو وزیراعظم ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں زرداری ہائوس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ _ہم مجبوری کے تحت حکومت میں آئے ہیں اگر سابقہ حکومت ختم نہ کی جاتی تو وہ ٹولہ2035ءتک اقتدار میں ہوتا اور ملک کی خراب معاشی صورتحال کے باعث ہم دنیا میں کسی کو منہ دکھانے کے لائق نہ رہتے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران ٹولہ ملک میں بادشاہت قائم کرنا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی بدحالی اور بے روزگاری کا اندازہ ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی اور ملک کے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ لوگوں نے میرا ساتھ دیا آئندہ آپ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ کا ساتھ دیں۔ میں نے اپنی ذمہ داریاں بلاول کے سپرد کر دی ہے اور وہ آپ کے مسائل کو دیکھیں گے۔ کارکنوں کے ملازمت دینے کے مطالبے پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اور فی الحال ہم ملازمت نہیں دے سکتے لیکن اگر ہماری حکومت آئی تو ہم ساری شکایات آپکی دور کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں نے ملک کا انفراسٹرکچر تباہ کیا۔ سندھ میں بہت نقصان ہوا ہے تاہم سندھ کے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کوشش جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید