سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک ساتھ انتخابات کی درخواست اور الیکشن فنڈز جاری کرنے کے حکم سے متعلق سماعت ملتوی کر دی، چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے پی ٹی آئی اور حکومت سے کہا ہے کہ براہِ مہربانی آئین کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی اسپیشل بینچ کیسز کی سماعت کر رہا ہے۔
دورانِ سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے عدالت کے سامنے پیش ہو گئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 19 اپریل کو حکومت اور اپوزیشن میں پہلا رابطہ ہوا، حکومت اور اپوزیشن میں 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق ہوا تھا، 25 اپریل کو ایاز صادق، سعد رفیق کی اسد قیصر سے ملاقات ہوئی، اسد قیصر نے بتایا کہ وہ مذاکرات کے لیے بااختیار نہیں ہیں، گزشتہ روز حکومتی اتحاد کی ملاقاتیں ہوئیں، دو جماعتوں کو مذاکرات پر اعتراض تھا لیکن راستہ نکالا گیا، چیئرمین سینیٹ نے ایوانِ بالا میں حکومت اور اپوزیشن کوخطوط لکھے ہیں اور دونوں سے چار چار نام مانگے ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسد قیصر کے بعد کیا کوشش کی گئی کہ کون مذاکرات کے لیے با اختیار ہے؟
اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ منگل کو میڈیا سے معلوم ہوا کہ شاہ محمود قریشی مذاکرات کے لیے با اختیار ہیں۔
چیف جسٹس نے سوال کیا کہ چیئرمین سینیٹ سے کس حیثیت سے رابطہ کیا گیا؟
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سینیٹ وفاق کی علامت ہے، اس لیے چیئرمین سینیٹ کو کہا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ 19 اپریل کو چیمبر میں آپ سے ملاقات ہوئی، ہمارے ایک ساتھی کی عدم دستیابی کے باعث 4 بجے سماعت نہیں ہوئی تھی، فاروق نائیک نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ سہولت کاری کریں گے، چیئرمین سینیٹ حکومت کے نمائندے ہیں نہ اپوزیشن کے، حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو خود اقدام اٹھاتی، مذاکرات کرنے پر عدالت مجبور نہیں کر سکتی، عدالت صرف آئین پر عمل چاہتی ہے تاکہ تنازع کا حل نکلے، عدالت کو کوئی وضاحت نہیں چاہیے صرف حل بتائیں، چیئرمین سینیٹ اجلاس بلائیں گے اس میں بھی وقت لگے گا۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ تمام حکومتی اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی سے مذاکرات پر آمادہ ہیں، سینیٹ واحد ادارہ ہے جہاں تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے، چیئرمین سینیٹ کا کردار صرف سہولت فراہم کرنا ہے، مذاکرات سیاسی جماعتوں اور کمیٹیوں کو ہی کرنے ہیں، سیاسی ایشو ہے اس لیے سیاسی قائدین کو ہی مسئلہ حل کرنے دیا جائے، سیاست کا مستقبل سیاستدانوں کو ہی طے کرنے دیا جائے۔
سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آ گئے جنہوں نے کہا کہ حکومت کے اصرار پر عدالت نے سیاسی اتفاقِ رائے کے لیے موقع دیا تھا، تمام جماعتوں کی سیاسی قیادت عدالت میں پیش ہوئی تھیں، پی ڈی ایم میں آج بھی مذاکرات پر اتفاقِ رائے نہیں ہے، عدالتی حکم کو پی ٹی آئی نے سنجیدگی سے لیا، سپریم کورٹ کا 14 مئی کا فیصلہ حتمی ہے، حکومت آئین سے انحراف کرنا چاہ رہی ہے، حکومت نے کہا تھا کہ وہ مشاورت کے بعد تجویز دیں گے لیکن یہاں کوئی تجویز نہیں آئی، عدالت نے قومی مفاد میں سیاسی جماعتوں کو موقع فراہم کیا، تحریکِ انصاف سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی نے مجھے، فواد چوہدری، علی ظفر کو مذاکرات کے لیے نامزد کیا تھا، اسد قیصر نے حکومت کو مجھ سے رابطہ کرنے کا کہا، آج تک مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، چیئرمین سینیٹ نے گزشتہ روز فون پر کہا کہ وزیرِ اعظم کے اصرار پر رابطہ کر رہا ہوں، چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو تجاویز دی تھیں وہ کہاں ہیں؟
چیف جسٹس نے کہا کہ مذاکرات کے معاملے میں صبر و تحمل سے کام لینا ہو گا۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو سینیٹ نے مذاکرات پر آمادہ کیا۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ عدالت کا کوئی حکم نہیں صرف تجویز ہے، قومی مفاد اور آئین کے تحفظ کے لیے اتفاق نہ ہوا تو جیسا ہے ویسے ہی چلے گا، نام دینے میں کیا سائنس ہے؟ کیا حکومت نے اپنے 5 نام دیے ہیں؟
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہے تو 3 نام دے دے، 5 لازمی دیں، حکومت کے نام تین چار گھنٹے میں فائنل ہو جائیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ فاروق ایچ نائیک کو بھی مذاکرات میں رکھا جائے تاکہ معاملہ ٹھنڈا رکھا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے صرف سینیٹرز کے نام مانگے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے نیک نیتی دکھانے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟ لگتا ہے حکومت صرف پاس پاس کھیل رہی ہے۔
سپریم کورٹ نے ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانے سے متعلق سماعت ملتوی کر دی۔
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا کہ کوئی ٹائم لائن نہیں دے رہے، آج کا آرڈر جاری کریں گے، ہم نہ کوئی ہدایت جاری کر رہے ہیں، نہ کوئی ٹائم لائن، عدالت مناسب حکم نامہ جاری کرے گی، براہِ مہربانی آئین کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں۔
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے حکومت کو 27 اپریل تک انتخابات کے لیے 2 1ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے حکومت اور پی ٹی آئی کو انتخابات کی متفقہ تاریخ کے لیے مذاکرات کی مہلت دی تھی۔
عید منانے کے لیے آبائی گاؤں گئے ہوئے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کو بخار، جسم درد اور فلو کی وجہ سے گزشتہ روز ان کی سربراہی میں بنے بینچ کے روبرو مقرر 12 مقدمات کی سماعت منسوخ کر دی گئی تھی۔
بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی شامل تھے۔