اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث بینچ نمبر ایک کے سوا تمام مقدمات منسوخ کردیئے گئے، سپریم کورٹ کا 3 رکنی خصوصی بینچ آج انتخابات کیس کی سماعت کریگا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو اپنے گاؤں میں بخار، جسم درد اور فلو ہوا جسکی وجہ سے ا نکی سربراہی میں بنے بینچ کے روبرو مقرر 12مقدمات کی سماعت منسوخ کردی گئی،
بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی شامل تھے، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دیا گیا، بینچ نمبر دو کے مقدمات کی سماعت کیلئے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل نیا بینچ قائم کر دیا گیا ہے، سپریم کورٹ نے آج کے کیسز کیلئے نظرثانی شدہ روسٹر جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ آج ’’ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ہی مرحلہ میں(ایک ساتھ) منعقد کروانے‘‘سے متعلق ایک عام شہری سردار کاشف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کریگی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربرا ہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ دن ساڑھے گیارہ بجے کیس کی سماعت کریگا،
قبل ازیں چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ اول کے تمام مقدمات کو ڈی لسٹ (فہرست سے خارج) کردیا گیا ہے اور چیف جسٹس آج خصوصی بینچ کے مقدمہ کی سماعت سے قبل صر ف اپنے چیمبر میں بیٹھ کر کام کرینگے۔