کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں متعین جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا ہے کہ جرمنی کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کومالی امداد اورتکنیکی مہارت میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، جی پی او چوک پربڈی بیئر کی تنصیب کوئٹہ اور جرمنی کے درمیان دوستی کو فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لائے نے میں مدد دے گی، یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوے کہی۔ اس موقع پر جرمن قونصلیٹ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ملاقات میں کوئٹہ میں بڈی بیئر کی تنصیب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی کے باعث درپیش مسائل، سالڈ ویسٹ منجمنٹ، ٹیکسیشن سسٹم، مختلف صنعتوں کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت کئی دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور آلودگی کو کم کرنے، وسائل کے تحفظ اور کوئٹہ میں پائیداری کو فروغ دینے، شہر کے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیاملاقات میں دونوں حکام نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ بڈی بیئر دوستی اور تعاون کی بین الاقوامی علامت ہے اور جی پی او چوک پر اس کی تنصیب کوئٹہ اور جرمنی کے درمیان دوستی کو فروغ دے گی اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لائے گی۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹر طارق جاوید مینگل کو یقین دلایا کہ جرمن قونصلیٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ہر ممکن مدد کرے گا۔