پشاور ( وقائع نگار) کسی بھی شہر کی ترقی کا دارو مدار مضبوط بلدیاتی نظام پر ہوتا ہے عوام کو سہولیات کی فراہمی مشن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ٗضم اضلاع کے مختلف علاقوں میں 2000 مساجد کو سولرائزیشن کرینگے جس میں ہر تحصیل میں50 مساجد کی سولرائزیشن کی جائیگی ۔ گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور ضم اضلاع کے مئیر ز اور چیئرمینوں کے وفد نے میئر پشاور حاجی زبیر علی سے ملاقات کی جس میں تحصیل چیئرمین پشتہ خرہ ہارون صفت ٗ شمالی وزیرستان کے مئیر محمد سعید ٗتاج ملوک سدہ ٗ قاری محمد طاہر اپر اورکزئی ٗ بہادر خان ایف آر پشاور ٗمزمل حسن اپر کرم ٗ مولا نا بسم اللہ ٗمولا نا جنید آفریدی حسن خیل اور دیگر اضلاع کے نمائندہ مئیر ز اورچیئرمینز شامل تھے اس دوران ضم اضلاع کے مختلف علاقوں کے میئرز اور چیئرمینوں نے اپنے مسائل جس میں اختیارات ٗ آفسز ٗ فنڈزٗگاڑیاںاور د یگر مسائل جبکہ ضم اضلاع کے مخصوص فنڈ جو گورنر کے ذریعے ملتا ٗ اور ضم اضلاع میں پیکجز کے حوالے سے اپنے مسائل سے مئیر پشاور کو تفصیل سے آگاہ کیا جس پرمیئر پشاور حاجی زبیر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ترقی پذیرملک میں اگر بلدیاتی نظام مضبوط ہو تو وہ علاقے ترقی کر پاتے ہیںاور جہاں پر بلدیاتی نظام میں روڑے اٹکائے جاتے ہیںتو وہاں پر مسائل جنم لیتے ہیں ٗ پاکستان تحریک انصاف کی گذشتہ حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر بلدیاتی نظام کوناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جس میں اختیارات کی کمی اور دیگر مسائل سے بلدیاتی نظام کو نقصان پہنچا یا گیا اور پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کے بعد رولز میں ترمیم کی جس سے مسائل نے جنم لیا انہوںنے کہا بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اوردیگر مسائل کے حوالے سے کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور انشاء اللہ امید ہے کہ فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا۔