• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت مثبت سمت پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہیں، اسحاق ڈار

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام اور ترقی کے حصول کے لئے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کراکرمعیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزارت خزانہ میں ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن (آر آر ایم سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت اشفاق یوسف تولہ، چیئرمین آر آر ایم سی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق محمود پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، وزارت خزانہ، ایف بی آر اور آر آر ایم سی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کمیشن کے ارکان کو خوش آمدید کہا اور ملک کی موجودہ اقتصادی اور مالیاتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ کمیشن کے چیئرمین نے کمیشن کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ وزیر خزانہ کو پیش کی۔ وزیر خزانہ نے ٹیکس کے نظام میں بڑھتے ہوئے مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے وسائل کو متحرک کرنے، کاروبار کرنے میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات کے لئے بہترین تجاویز پیش کرنے کے لئے آر آر ایم سی کی کوششوں کی تعریف کی۔
اہم خبریں سے مزید