• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں، 69 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پربیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی ہدایت پر انتظامی افسران نے چارسدہ روڈ،دلہ زاک روڈ،حیات آباد، متنی، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ، بورڈ بازار، تہکال، اندرون شہر بازاروں،ورسک روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران314 دکانوں کا معائنہ کیا گیااورگرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر69 دکانداروں کو گرفتار کر لیاجبکہ 42 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پشاور سے مزید