• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں مارشل لاء لگادیں تو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوگی، عمران خان

لاہور(ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں‘الیکشن کے حوالے سے عدالتی فیصلہ نہ مانا گیا تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر تاریخی تحریک شروع کروں گا،حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتی تو پھر کس نے آنا ہے؟ اگر مارشل لا لگایا گیا تو پھر ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں‘مارشل لا سے ہماری فوج تباہ ہو گی، پاکستان کے ہمسائے کے بڑے خوفناک عزائم ہیں‘عدلیہ میں تقسیم تشویش ناک ہے ‘سپریم کورٹ کے پندرہ ججز سے پوچھتا ہوں ہمیں الیکشن کیوں نہیں مل رہا، کس قانون کے تحت نگران حکومت بیٹھی ہوئی ہے ۔ منگل کو ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہناتھاکہ نیب کو سابق آرمی چیف کنٹرول کررہا تھا‘باجوہ کے کہنے پر دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کیں،باجوہ نے ہمیں الیکشن کرانے کا کہہ کر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا،ایکسٹینشن سے پہلے الگ باجوہ تھا اور ایکسٹینشن کے بعد الگ باجوہ تھا۔میں نے روس کا دورہ بھی فوج کے مشورے سے کیا تھا مگر واپسی پر میرے خلاف تحریک عدم اعتماد آگئی اور سابق آرمی چیف نے امریکیوں کو بھی ان کے خلاف بھڑکایا، مجھے اسمبلیاں توڑنے کا کوئی افسوس نہیں ہے۔ملک کو نقصان نواز شریف اور رشوت کے کلچر نے پہنچایا، اس کو وزیراعظم بنانے کیلئے ملک کے ادارے تباہ کیے گئے۔عمران خان نے کہاکہ ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا دنیا میں کسی کے ساتھ نہیں ہوا، صرف مجھے حکومت سے باہر رکھنے کے لیے کتنی بڑی قیمت ادا کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام سب سے زیادہ تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ جو پہلے ایم کیوایم لوگوں کے ساتھ کیا کرتی تھی وہی ظلم پیپلز پارٹی اندرون سندھ کرتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید