• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے بیرونی دوروں پر صرف ساڑھے 19 کروڑ روپے خرچ ہوئے، PTI

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ تین سالہ دور حکومت میں عمران خان کے بیرونی دوروں پر صرف 19کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ آصف زرداری دور حکومت میں 1 ارب 42 کروڑ ، نواز شریف دور حکومت میں 1 ارب 83کروڑ اور شاہد خاقان عباسی کے بیرونی دوروں پر 25 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے پی ٹی آئی دور حکومت میں عمران خان کے بطور وزیر اعظم اور وفود کے ہمراہ بیرون ممالک دوروں پر اخراجات کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق عمران خان کے دور حکومت میں2018 سے 2021کے دوران مجموعی دوروں کی تعداد 28رہی جس کے مجموعی اخراجات تقریباً 19کروڑ 50لاکھ روپے رہے۔ 2019 میں امریکہ کے دورے پر تقریباً 1 کروڑ 77 ہزار روپے کے اخراجات آئے۔ دورہ افغانستان پر تقریباً 14لاکھ 40ہزار روپے ،سوئٹزر لینڈ کے دوروں پر تقریباً 1 کروڑ 2 لاکھ روپے جبکہ چین کے دورے پر تقریباً 90 لاکھ روپے اور اقوامِ متحدہ کے دوروں پر 2 کروڑ 43لاکھ 86ہزار 250روپے کے اخراجات اٹھے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے 2018-19 میں 51 کروڑ 81 لاکھ روپے جبکہ وزیر اعظم ہاوس سے مجموعی طور پر 56کروڑ 50لاکھ روپے کی بچت ہوئی۔ سابق وزرائے اعظم اور صدور سے سیکورٹی ، کیمپ آفسز اور بیرونی دوروں پرمجموعی طورپراٹھنے والے اخراجات میں نوازشریف دور حکومت میں 4 ارب 31 کروڑ 83 لاکھ 92ہزار 543 ، آصف زرداری دور حکومت میں 3 ارب 16 کروڑ ، 41 لاکھ 18 ہزار 287 ، شاہد خاقان عباسی دور حکومت میں 35 کروڑ 1 لاکھ 48 ہزار جبکہ یوسف رضا گیلانی دور حکومت میں 24 کروڑ 50 لاکھ 49 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ راجہ پرویز اشرف دور حکومت میں 3 کروڑ 22 لاکھ 21 ہزار 466 جبکہ ممنون حسین پر 30 کروڑ 3 لاکھ 27 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ آصف زرداری دور حکومت میں 1 ارب 42 کروڑ 15 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ نواز شریف دور حکومت میں 1 ارب 83 کروڑ 55 لاکھ ، شاہد خاقان عباسی 25 کروڑ 95 لاکھ 90ہزار روپے خرچ ہوئے۔ 2013سے 2018 کے دوران آصف زرداری کی سیکورٹی پر 1 ارب 63 کروڑ 71 لاکھ 37 ہزار 287 روپے ،یوسف رضا گیلانی کی سیکورٹی پر 12 لاکھ 87ہزار روپے ، راجہ پرویز اشرف کی سیکورٹی پر 88لاکھ 48 ہزار 466 روپے ،نوازشریف کی سیکورٹی پر 2کروڑ 81 لاکھ75 ہزار 520روپے خرچ ہوئے۔ 2013 سے 2018 کے دوران جاتی امرا پر 1 ارب 44 کروڑ 31 لاکھ 23 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ 2014-15 میں نواز شریف کی جاتی امرا کی رہائش گاہ پر سٹیل کے بلند ڈھانچے کی تنصیب کیلئے 2 کروڑ 86 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔2015 میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سیکورٹی پر 17کروڑ 68 لاکھ 59 ہزار روپے جبکہ شاہد خاقان عباسی کی سیکورٹی پر 8 کروڑ 5 لاکھ 60 ہزارروپے کے اخراجات اٹھے۔ یوسف رضا گیلانی ، پرویز اشرف ، خاقان عباسی ، زرداری ، ممنون حسین اور نواز شریف کے کیمپ آفسز پر سول ورک کی مد میں 44 کروڑ 74 لاکھ 79 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ پرویز اشرف ، شاہد خاقان عباسی اور نواز / شہباز شریف کے کیمپ آفسز میں انٹرٹینمنٹ کی مد میں 1 کروڑ 79لاکھ 24ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ یوسف رضاگیلانی نے وزیراعظم ہاوس کے علاوہ لاہور میں تین جبکہ ملتان میں اپنی دو رہائشگاہوں کو کیمپ آفسز کا درجہ دیا۔ پرویز اشرف نے گوجر خان ، نواز شریف نے جاتی امرا اور شاہد خاقان عباسی نے ایف سیون اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ کو کیمپ آفس کا درجہ دلوایا۔ زرداری نے ایوان صدر کے علاوہ نوڈیرو ہاؤس اور لاڑکانہ ریسٹ ہاوس کو کیمپ آفسز کا درجہ دلوایا۔ ممنون حسین نے بھی ایوان صدر کے علاوہ کراچی کے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو اپنا کیمپ آفس بنوایا۔
اہم خبریں سے مزید